احبار 6

1رب نے موسیٰ سے کہا، 2”ہو سکتا ہے کسی نے گناہ کر کے بےایمانی کی ہے، مثلاً اُس نے اپنے پڑوسی کی کوئی چیز واپس نہیں کی جو اُس کے سپرد کی گئی تھی یا جو اُسے گروی کے طور پر ملی تھی، یا اُس نے اُس کی کوئی چیز چوری کی، یا اُس نے کسی سے کوئی چیز چھین لی، 3یا اُس نے کسی کی گم شدہ چیز کے بارے میں جھوٹ بولا جب اُسے مل گئی، یا اُس نے قَسم کھا کر جھوٹ بولا ہے، یا اِس طرح کا کوئی اَور گناہ کیا ہے۔ 4اگر وہ اِس طرح کا گناہ کر کے قصوروار ٹھہرے تو لازم ہے کہ وہ وہی چیز واپس کرے جو اُس نے چوری کی یا چھین لی یا جو اُس کے سپرد کی گئی یا جو گم شدہ ہو کر اُس کے پاس آ گئی ہے 5یا جس کے بارے میں اُس نے قَسم کھا کر جھوٹ بولا ہے۔ وہ اُس کا اُتنا ہی واپس کر کے 20 فیصد زیادہ دے۔ اور وہ یہ سب کچھ اُس دن واپس کرے جب وہ اپنی قصور کی قربانی پیش کرتا ہے۔ 6قصور کی قربانی کے طور پر وہ ایک بےعیب اور قیمت کے لحاظ سے مناسب مینڈھا امام کے پاس لے آئے اور رب کو پیش کرے۔ اُس کی قیمت مقدِس کی شرح کے مطابق مقرر کی جائے۔ 7پھر امام رب کے سامنے اُس کا کفارہ دے گا تو اُسے معافی مل جائے گی۔“

بھسم ہونے والی قربانی

8رب نے موسیٰ سے کہا، 9”ہارون اور اُس کے بیٹوں کو بھسم ہونے والی قربانیوں کے بارے میں ذیل کی ہدایات دینا: بھسم ہونے والی قربانی پوری رات صبح تک قربان گاہ کی اُس جگہ پر رہے جہاں آگ جلتی ہے۔ آگ کو بجھنے نہ دینا۔ 10صبح کو امام کتان کا لباس اور کتان کا پاجامہ پہن کر قربانی سے بچی ہوئی راکھ قربان گاہ کے پاس زمین پر ڈالے۔ 11پھر وہ اپنے کپڑے بدل کر راکھ کو خیمہ گاہ کے باہر کسی پاک جگہ پر چھوڑ آئے۔ 12قربان گاہ پر آگ جلتی رہے۔ وہ کبھی بھی نہ بجھے۔ ہر صبح امام لکڑیاں چن کر اُس پر بھسم ہونے والی قربانی ترتیب سے رکھے اور اُس پر سلامتی کی قربانی کی چربی جلا دے۔ 13آگ ہمیشہ جلتی رہے۔ وہ کبھی نہ بجھنے پائے۔

غلہ کی نذر

14غلہ کی نذر کے بارے میں ہدایات یہ ہیں: ہارون کے بیٹے اُسے قربان گاہ کے سامنے رب کو پیش کریں۔ 15پھر امام یادگار کا حصہ یعنی تیل سے ملایا گیا مٹھی بھر بہترین میدہ اور قربانی کا تمام لُبان لے کر قربان گاہ پر جلا دے۔ اِس کی خوشبو رب کو پسند ہے۔ 16ہارون اور اُس کے بیٹے قربانی کا باقی حصہ کھا لیں۔ لیکن وہ اُسے مُقدّس جگہ پر یعنی ملاقات کے خیمے کی چاردیواری کے اندر کھائیں، اور اُس میں خمیر نہ ہو۔ 17اُسے پکانے کے لئے اُس میں خمیر نہ ڈالا جائے۔ مَیں نے جلنے والی قربانیوں میں سے یہ حصہ اُن کے لئے مقرر کیا ہے۔ یہ گناہ کی قربانی اور قصور کی قربانی کی طرح نہایت مُقدّس ہے۔ 18ہارون کی اولاد کے تمام مرد اُسے کھائیں۔ یہ اصول ابد تک قائم رہے۔ جو بھی اُسے چھوئے گا وہ مخصوص و مُقدّس ہو جائے گا۔“

19رب نے موسیٰ سے کہا، 20”جب ہارون اور اُس کے بیٹوں کو امام کی ذمہ داری اُٹھانے کے لئے مخصوص کر کے تیل سے مسح کیا جائے گا تو وہ ڈیڑھ کلو گرام بہترین میدہ پیش کریں۔ اُس کا آدھا حصہ صبح کو اور آدھا حصہ شام کے وقت پیش کیا جائے۔ وہ غلہ کی یہ نذر روزانہ پیش کریں۔ 21اُسے تیل کے ساتھ ملا کر توے پر پکانا ہے۔ پھر اُسے ٹکڑے ٹکڑے کر کے غلہ کی نذر کے طور پر پیش کرنا۔ اُس کی خوشبو رب کو پسند ہے۔ 22یہ قربانی ہمیشہ ہارون کی نسل کا وہ آدمی پیش کرے جسے مسح کر کے امامِ اعظم کا عُہدہ دیا گیا ہے، اور وہ اُسے پورے طور پر رب کے لئے جلا دے۔ 23امام کی غلہ کی نذر ہمیشہ پورے طور پر جلانا۔ اُسے نہ کھانا۔“

گناہ کی قربانی

24رب نے موسیٰ سے کہا، 25”ہارون اور اُس کے بیٹوں کو گناہ کی قربانی کے بارے میں ذیل کی ہدایات دینا: گناہ کی قربانی کو رب کے سامنے وہیں ذبح کرنا ہے جہاں بھسم ہونے والی قربانی ذبح کی جاتی ہے۔ وہ نہایت مُقدّس ہے۔ 26اُسے پیش کرنے والا امام اُسے مُقدّس جگہ پر یعنی ملاقات کے خیمے کی چاردیواری کے اندر کھائے۔ 27جو بھی اِس قربانی کے گوشت کو چھو لیتا ہے وہ مخصوص و مُقدّس ہو جاتا ہے۔ اگر قربانی کے خون کے چھینٹے کسی لباس پر پڑ جائیں تو اُسے مُقدّس جگہ پر دھونا ہے۔ 28اگر گوشت کو ہنڈیا میں پکایا گیا ہو تو اُس برتن کو بعد میں توڑ دینا ہے۔ اگر اُس کے لئے پیتل کا برتن استعمال کیا گیا ہو تو اُسے خوب مانجھ کر پانی سے صاف کرنا۔ 29اماموں کے خاندانوں میں سے تمام مرد اُسے کھا سکتے ہیں۔ یہ کھانا نہایت مُقدّس ہے۔ 30لیکن گناہ کی ہر وہ قربانی کھائی نہ جائے جس کا خون ملاقات کے خیمے میں اِس لئے لایا گیا ہے کہ مقدِس میں کسی کا کفارہ دیا جائے۔ اُسے جلانا ہے۔