یسعیاہ 12
بچے ہوؤں کی حمد و ثنا
1اُس دن تم گیت گاؤ گے،
”اے رب، مَیں تیری ستائش کروں گا! یقیناً تُو مجھ سے ناراض تھا، لیکن اب تیرا غضب مجھ پر سے دُور ہو جائے اور تُو مجھے تسلی دے۔
2اللہ میری نجات ہے۔ اُس پر بھروسا رکھ کر مَیں دہشت نہیں کھاؤں گا۔ کیونکہ رب خدا میری قوت اور میرا گیت ہے، وہ میری نجات بن گیا ہے۔“
3تم شادمانی سے نجات کے چشموں سے پانی بھرو گے۔
4اُس دن تم کہو گے، ”رب کی ستائش کرو! اُس کا نام لے کر اُسے پکارو! جو کچھ اُس نے کیا ہے دنیا کو بتاؤ، اُس کے نام کی عظمت کا اعلان کرو۔
5رب کی تمجید کا گیت گاؤ، کیونکہ اُس نے زبردست کام کیا ہے، اور اِس کا علم پوری دنیا تک پہنچے۔
6اے یروشلم کی رہنے والی، شادیانہ بجا کر خوشی کے نعرے لگا! کیونکہ اسرائیل کا قدوس عظیم ہے، اور وہ تیرے درمیان ہی سکونت کرتا ہے۔