یسعیاہ 15
موآب کے انجام کا اعلان
1موآب کے بارے میں رب کا فرمان:
ایک ہی رات میں موآب کا شہر عار تباہ ہو گیا ہے۔ ایک ہی رات میں موآب کا شہر قیر برباد ہو گیا ہے۔ 2اب دیبون کے باشندے ماتم کرنے کے لئے اپنے مندر اور پہاڑی قربان گاہوں کی طرف چڑھ رہے ہیں۔ موآب اپنے شہروں نبو اور میدبا پر واویلا کر رہا ہے۔ ہر سر مُنڈا ہوا اور ہر داڑھی کٹ گئی ہے۔ 3گلیوں میں وہ ٹاٹ سے ملبّس پھر رہے ہیں، چھتوں پر اور چوکوں میں سب رو رو کر آہ و بکا کر رہے ہیں۔ 4حسبون اور اِلی عالی مدد کے لئے پکار رہے ہیں، اور اُن کی آوازیں یہض تک سنائی دے رہی ہیں۔ اِس لئے موآب کے مسلح مرد جنگ کے نعرے لگا رہے ہیں، گو وہ اندر ہی اندر کانپ رہے ہیں۔
5میرا دل موآب کو دیکھ کر رو رہا ہے۔ اُس کے مہاجرین بھاگ کر ضُغر اور عجلت شلیشیاہ تک پہنچ رہے ہیں۔ لوگ رو رو کر لوحیت کی طرف چڑھ رہے ہیں، وہ حورونائم تک جانے والے راستے پر چلتے ہوئے اپنی تباہی پر گریہ و زاری کر رہے ہیں۔ 6نِمریم کا پانی سوکھ گیا ہے، گھاس جُھلس گئی ہے، تمام ہریالی ختم ہو گئی ہے، سبزہ زاروں کا نام و نشان تک نہیں رہا۔ 7اِس لئے لوگ اپنا سارا جمع شدہ سامان سمیٹ کر وادیِ سفیدہ کو عبور کر رہے ہیں۔ 8چیخیں موآب کی حدود تک گونج رہی ہیں، ہائے ہائے کی آوازیں اِجلائم اور بیر ایلیم تک سنائی دے رہی ہیں۔ 9لیکن گو دیمون کی نہر خون سے سرخ ہو گئی ہے، تاہم مَیں اُس پر مزید مصیبت لاؤں گا۔ مَیں شیرببر بھیجوں گا جو اُن پر بھی دھاوا بولیں گے جو موآب سے بچ نکلے ہوں گے اور اُن پر بھی جو ملک میں پیچھے رہ گئے ہوں گے۔