یسعیاہ 45
خورس رب کا آلۂ کار ہے
1رب اپنے مسح کئے ہوئے خادم خورس سے فرماتا ہے، ”مَیں نے تیرے دہنے ہاتھ کو پکڑ لیا ہے، اِس لئے جہاں بھی تُو جائے وہاں قومیں تیرے تابع ہو جائیں گی، بادشاہوں کی طاقت جاتی رہے گی، دروازے کھل جائیں گے اور شہر کے دروازے بند نہیں رہیں گے۔ 2مَیں خود تیرے آگے آگے جا کر قلعہ بندیوں کو زمین بوس کر دوں گا۔ مَیں پیتل کے دروازے ٹکڑے ٹکڑے کر کے تمام کنڈے تڑوا دوں گا۔ 3مَیں تجھے اندھیرے میں چھپے خزانے اور پوشیدہ مال و دولت عطا کروں گا تاکہ تُو جان لے کہ مَیں رب ہوں جو تیرا نام لے کر تجھے بُلاتا ہے، کہ مَیں اسرائیل کا خدا ہوں۔ 4گو تُو مجھے نہیں جانتا تھا، لیکن اپنے خادم یعقوب کی خاطر مَیں نے تیرا نام لے کر تجھے بُلایا، اپنے برگزیدہ اسرائیل کے واسطے تجھے اعزازی نام سے نوازا ہے۔
5مَیں ہی رب ہوں، اور میرے سوا کوئی اَور خدا نہیں ہے۔ گو تُو مجھے نہیں جانتا تھا توبھی مَیں تجھے کمربستہ کرتا ہوں 6تاکہ مشرق سے مغرب تک انسان جان لیں کہ میرے سوا کوئی اَور نہیں ہے۔ مَیں ہی رب ہوں، اور میرے سوا کوئی اَور نہیں ہے۔ 7مَیں ہی روشنی کو تشکیل دیتا اور اندھیرے کو وجود میں لاتا ہوں، مَیں ہی اچھے اور بُرے حالات پیدا کرتا، مَیں رب ہی یہ سب کچھ کرتا ہوں۔ 8اے آسمان، راستی کی بوندا باندی سے زمین کو تر و تازہ کر! اے بادلو، صداقت برساؤ! زمین کھل کر نجات کا پھل لائے اور راستی کا پودا پھوٹنے دے۔ مَیں رب ہی اُسے وجود میں لایا ہوں۔“
اپنے خالق پر الزام لگانے والے پر افسوس
9اُس پر افسوس جو اپنے خالق سے جھگڑا کرتا ہے، گو وہ مٹی کے ٹوٹے پھوٹے برتنوں کا ٹھیکرا ہی ہے۔ کیا گارا کمہار سے پوچھتا ہے، ”تُو کیا بنا رہا ہے؟“ کیا تیری بنائی ہوئی کوئی چیز تیرے بارے میں شکایت کرتی ہے، ”اُس کی کوئی طاقت نہیں“؟ 10اُس پر افسوس جو باپ سے سوال کرے، ”تُو کیوں باپ بن رہا ہے؟“ یا عورت سے، ”تُو کیوں بچہ جنم دے رہی ہے؟“
11رب جو اسرائیل کا قدوس اور اُسے تشکیل دینے والا ہے فرماتا ہے، ”تم کس طرح میرے بچوں کے بارے میں میری پوچھ گچھ کر سکتے ہو؟ جو کچھ میرے ہاتھوں نے بنایا اُس کے بارے میں تم کیسے مجھے حکم دے سکتے ہو؟ 12مَیں ہی نے زمین کو بنا کر انسان کو اُس پر خلق کیا۔ میرے اپنے ہاتھوں نے آسمان کو خیمے کی طرح اُس کے اوپر تان لیا اور مَیں ہی نے اُس کے ستاروں کے پورے لشکر کو ترتیب دیا۔ 13مَیں ہی نے خورس کو انصاف سے جگا دیا، اور مَیں ہی اُس کے تمام راستے سیدھے بنا دیتا ہوں۔ وہ میرے شہر کو نئے سرے سے تعمیر کرے گا اور میرے جلاوطنوں کو آزاد کرے گا۔ اور یہ سب کچھ مفت میں ہو گا، نہ وہ پیسے لے گا، نہ تحفے۔“ یہ رب الافواج کا فرمان ہے۔
رب واحد خدا ہے
14رب فرماتا ہے، ”مصر کی دولت، ایتھوپیا کا تجارتی مال اور سِبا کے درازقد افراد تیرے ماتحت ہو کر تیری ملکیت بن جائیں گے۔ وہ تیرے پیچھے چلیں گے، زنجیروں میں جکڑے تیرے تابع ہو جائیں گے۔ تیرے سامنے جھک کر وہ التماس کر کے کہیں گے، ’یقیناً اللہ تیرے ساتھ ہے۔ اُس کے سوا کوئی اَور خدا ہے نہیں‘۔“ 15اے اسرائیل کے خدا اور نجات دہندہ، یقیناً تُو اپنے آپ کو چھپائے رکھنے والا خدا ہے۔ 16بُت بنانے والے سب شرمندہ ہو جائیں گے۔ اُن کے منہ کالے ہو جائیں گے، اور وہ مل کر شرم سار حالت میں چلے جائیں گے۔ 17لیکن اسرائیل کو چھٹکارا ملے گا، رب اُسے ابدی نجات دے گا۔ تب تمہاری رُسوائی کبھی نہیں ہو گی، تم ہمیشہ تک شرمندہ ہونے سے محفوظ رہو گے۔
18کیونکہ رب فرماتا ہے، ”مَیں ہی رب ہوں، اور میرے سوا کوئی اَور نہیں ہے! جو یہ فرماتا ہے وہ خدا ہے، جس نے آسمان کو خلق کیا اور زمین کو تشکیل دے کر محفوظ بنیاد پر رکھا۔ اور زمین سنسان بیابان نہ رہی بلکہ اُس نے اُسے بسنے کے قابل بنا دیا تاکہ جاندار اُس میں رہ سکیں۔ 19مَیں نے پوشیدگی میں یا دنیا کے کسی تاریک کونے سے بات نہیں کی۔ مَیں نے یعقوب کی اولاد سے یہ بھی نہیں کہا، ’بےشک مجھے تلاش کرو، لیکن تم مجھے نہیں پاؤ گے۔‘ نہیں، مَیں رب ہی ہوں، جو انصاف بیان کرتا، سچائی کا اعلان کرتا ہے۔
20تم جو دیگر اقوام سے بچ نکلے ہو آؤ، جمع ہو جاؤ۔ مل کر میرے حضور حاضر ہو جاؤ! جو لکڑی کے بُت اُٹھا کر اپنے ساتھ لئے پھرتے ہیں وہ کچھ نہیں جانتے! جو دیوتا چھٹکارا نہیں دے سکتے اُن سے وہ کیوں التجا کرتے ہیں؟ 21آؤ، اپنا معاملہ سناؤ، اپنے دلائل پیش کرو! بےشک پہلے ایک دوسرے سے مشورہ کرو۔ کس نے بڑی دیر پہلے یہ کچھ سنایا تھا؟ کیا مَیں، رب نے طویل عرصہ پہلے اِس کا اعلان نہیں کیا تھا؟ کیونکہ میرے سوا کوئی اَور خدا نہیں ہے۔ مَیں راست خدا اور نجات دہندہ ہوں۔ میرے سوا کوئی اَور نہیں ہے۔
22اے زمین کی انتہاؤ، سب میری طرف رجوع کر کے نجات پاؤ! کیونکہ مَیں ہی خدا ہوں، میرے سوا کوئی اَور نہیں ہے۔ 23مَیں نے اپنے نام کی قَسم کھا کر فرمایا ہے، اور میرا فرمان راست ہے، وہ کبھی منسوخ نہیں ہو گا۔ فرمان یہ ہے کہ میرے سامنے ہر گھٹنا جھکے گا اور ہر زبان میری قَسم کھا کر 24کہے گی، ’رب ہی راستی اور قوت کا منبع ہے‘!“
جو پہلے طیش میں آ کر رب کی مخالفت کرتے تھے وہ بھی سب شرمندہ ہو کر اُس کے حضور آئیں گے۔ 25لیکن اسرائیل کی تمام اولاد رب میں راست باز ٹھہر کر اُس پر فخر کرے گی۔