یسعیاہ 46
دیوتا مدد نہیں کر سکتے
1بابل کے دیوتا بیل اور نبو جھک کر گر گئے ہیں، اور لادُو جانور اُن کے بُتوں کو اُٹھائے پھر رہے ہیں۔ تمہارے جو بُت اُٹھائے جا سکتے ہیں تھکے ہارے جانوروں کا بوجھ بن گئے ہیں۔ 2کیونکہ دونوں دیوتا جھک کر گر گئے ہیں۔ وہ بوجھ بننے سے بچ نہ سکے، اور اب خود جلاوطنی میں جا رہے ہیں۔
3”اے یعقوب کے گھرانے، سنو! اے اسرائیل کے گھرانے کے بچے ہوئے افراد، دھیان دو! ماں کے پیٹ سے ہی تم میرے لئے بوجھ رہے ہو، پیدائش سے پہلے ہی مَیں تمہیں اُٹھائے پھر رہا ہوں۔ 4تمہارے بوڑھے ہونے تک مَیں وہی رہوں گا، تمہارے بال کے سفید ہو جانے تک تمہیں اُٹھائے پھروں گا۔ یہ ابتدا سے میرا ہی کام رہا ہے، اور آئندہ بھی مَیں تجھے اُٹھائے پھروں گا، آئندہ بھی تیرا سہارا بن کر تجھے بچائے رکھوں گا۔
5تم میرا مقابلہ کس سے کرو گے، مجھے کس کے برابر ٹھہراؤ گے؟ تم میرا موازنہ کس سے کرو گے جو میری مانند ہو؟ 6لوگ بُت بنوانے کے لئے بٹوے سے کثرت کا سونا نکالتے اور چاندی ترازو میں تولتے ہیں۔ پھر وہ سنار کو بُت بنانے کا ٹھیکا دیتے ہیں۔ جب تیار ہو جائے تو وہ جھک کر منہ کے بل اُس کی پوجا کرتے ہیں۔ 7وہ اُسے اپنے کندھوں پر رکھ کر اِدھر اُدھر لئے پھرتے ہیں، پھر اُسے دوبارہ اُس کی جگہ پر رکھ دیتے ہیں۔ وہاں وہ کھڑا رہتا ہے اور ذرا بھی نہیں ہلتا۔ لوگ چلّا کر اُس سے فریاد کرتے ہیں، لیکن وہ جواب نہیں دیتا، دعاگو کو مصیبت سے نہیں بچاتا۔
8اے بےوفا لوگو، اِس کا خیال رکھو! مردانگی دکھا کر سنجیدگی سے اِس پر دھیان دو! 9جو کچھ ازل سے پیش آیا ہے اُسے یاد رکھو۔ کیونکہ مَیں ہی رب ہوں، اور میرے سوا کوئی اَور نہیں۔ مَیں ہی رب ہوں، اور میری مانند کوئی نہیں۔
10مَیں ابتدا سے انجام کا اعلان، قدیم زمانے سے آنے والی باتوں کی پیش گوئی کرتا آیا ہوں۔ اب مَیں فرماتا ہوں کہ میرا منصوبہ اٹل ہے، مَیں اپنی مرضی ہر لحاظ سے پوری کروں گا۔ 11مشرق سے مَیں شکاری پرندہ بُلا رہا ہوں، دُوردراز ملک سے ایک ایسا آدمی جو میرا منصوبہ پورا کرے۔ دھیان دو، جو کچھ مَیں نے فرمایا وہ تکمیل تک پہنچاؤں گا، جو منصوبہ مَیں نے باندھا وہ پورا کروں گا۔
12اے ضدی لوگو جو راستی سے کہیں دُور ہو، میری سنو! 13مَیں اپنی راستی قریب ہی لایا ہوں، وہ دُور نہیں ہے۔ میری نجات کے آنے میں دیر نہیں ہو گی۔ مَیں صیون کو نجات دوں گا، اسرائیل کو اپنی شان و شوکت سے نوازوں گا۔