احبار 8
ہارون اور اُس کے بیٹوں کی مخصوصیت
1رب نے موسیٰ سے کہا، 2”ہارون اور اُس کے بیٹوں کو میرے حضور لے آنا۔ نیز اماموں کے لباس، مسح کا تیل، گناہ کی قربانی کے لئے جوان بَیل، دو مینڈھے اور بےخمیری روٹیوں کی ٹوکری لے آنا۔ 3پھر پوری جماعت کو خیمے کے دروازے پر جمع کرنا۔“
4موسیٰ نے ایسا ہی کیا۔ جب پوری جماعت اکٹھی ہو گئی تو 5اُس نے اُن سے کہا، ”اب مَیں وہ کچھ کرتا ہوں جس کا حکم رب نے دیا ہے۔“ 6موسیٰ نے ہارون اور اُس کے بیٹوں کو سامنے لا کر غسل کرایا۔ 7اُس نے ہارون کو کتان کا زیرجامہ پہنا کر کمربند لپیٹا۔ پھر اُس نے چوغہ پہنایا جس پر اُس نے بالاپوش کو مہارت سے بُنے ہوئے پٹکے سے باندھا۔ 8اِس کے بعد اُس نے سینے کا کیسہ لگا کر اُس میں دونوں قرعے بنام اُوریم اور تُمیم رکھے۔ 9پھر اُس نے ہارون کے سر پر پگڑی رکھی جس کے سامنے والے حصے پر اُس نے مُقدّس تاج یعنی سونے کی تختی لگا دی۔ سب کچھ اُس حکم کے عین مطابق ہوا جو رب نے موسیٰ کو دیا تھا۔
10اِس کے بعد موسیٰ نے مسح کے تیل سے مقدِس کو اور جو کچھ اُس میں تھا مسح کر کے اُسے مخصوص و مُقدّس کیا۔ 11اُس نے یہ تیل سات بار جانور چڑھانے کی قربان گاہ اور اُس کے سامان پر چھڑک دیا۔ اِسی طرح اُس نے سات بار دھونے کے حوض اور اُس ڈھانچے پر تیل چھڑک دیا جس پر حوض رکھا ہوا تھا۔ یوں یہ چیزیں مخصوص و مُقدّس ہوئیں۔ 12اُس نے ہارون کے سر پر مسح کا تیل اُنڈیل کر اُسے مسح کیا۔ یوں وہ مخصوص و مُقدّس ہوا۔
13پھر موسیٰ نے ہارون کے بیٹوں کو سامنے لا کر اُنہیں زیر جامے پہنائے، کمربند لپیٹے اور اُن کے سروں پر پگڑیاں باندھیں۔ سب کچھ اُس حکم کے عین مطابق ہوا جو رب نے موسیٰ کو دیا تھا۔
14اب موسیٰ نے گناہ کی قربانی کے لئے جوان بَیل کو پیش کیا۔ ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھے۔ 15موسیٰ نے اُسے ذبح کر کے اُس کے خون میں سے کچھ لے کر اپنی اُنگلی سے قربان گاہ کے سینگوں پر لگا دیا تاکہ وہ گناہوں سے پاک ہو جائے۔ باقی خون اُس نے قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیل دیا۔ یوں اُس نے اُسے مخصوص و مُقدّس کر کے اُس کا کفارہ دیا۔ 16موسیٰ نے انتڑیوں پر کی تمام چربی، جوڑ کلیجی اور دونوں گُردے اُن کی چربی سمیت لے کر قربان گاہ پر جلا دیئے۔ 17لیکن بَیل کی کھال، گوشت اور انتڑیوں کے گوبر کو اُس نے خیمہ گاہ کے باہر لے جا کر جلا دیا۔ سب کچھ اُس حکم کے مطابق ہوا جو رب نے موسیٰ کو دیا تھا۔
18اِس کے بعد اُس نے بھسم ہونے والی قربانی کے لئے پہلا مینڈھا پیش کیا۔ ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھ دیئے۔ 19موسیٰ نے اُسے ذبح کر کے اُس کا خون قربان گاہ کے چار پہلوؤں پر چھڑک دیا۔ 20اُس نے مینڈھے کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے سر، ٹکڑے اور چربی جلا دی۔ 21اُس نے انتڑیاں اور پنڈلیاں پانی سے صاف کر کے پورے مینڈھے کو قربان گاہ پر جلا دیا۔ سب کچھ اُس حکم کے عین مطابق ہوا جو رب نے موسیٰ کو دیا تھا۔ رب کے لئے جلنے والی یہ قربانی بھسم ہونے والی قربانی تھی، اور اُس کی خوشبو رب کو پسند تھی۔
22اِس کے بعد موسیٰ نے دوسرے مینڈھے کو پیش کیا۔ اِس قربانی کا مقصد اماموں کو مقدِس میں خدمت کے لئے مخصوص کرنا تھا۔ ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے ہاتھ مینڈھے کے سر پر رکھ دیئے۔ 23موسیٰ نے اُسے ذبح کر کے اُس کے خون میں سے کچھ لے کر ہارون کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ اور دہنے پاؤں کے انگوٹھوں پر لگایا۔ 24یہی اُس نے ہارون کے بیٹوں کے ساتھ بھی کیا۔ اُس نے اُنہیں سامنے لا کر اُن کے دہنے کان کی لَو پر اور اُن کے دہنے ہاتھ اور دہنے پاؤں کے انگوٹھوں پر خون لگایا۔ باقی خون اُس نے قربان گاہ کے چار پہلوؤں پر چھڑک دیا۔ 25اُس نے مینڈھے کی چربی، دُم، انتڑیوں پر کی ساری چربی، جوڑ کلیجی، دونوں گُردے اُن کی چربی سمیت اور دہنی ران الگ کی۔ 26پھر وہ رب کے سامنے پڑی بےخمیری روٹیوں کی ٹوکری میں سے ایک سادہ روٹی، ایک روٹی جس میں تیل ڈالا گیا تھا اور ایک روٹی جس پر تیل لگایا گیا تھا لے کر چربی اور ران پر رکھ دی۔ 27اُس نے یہ سب کچھ ہارون اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُسے ہلانے والی قربانی کے طور پر رب کو پیش کیا۔ 28پھر اُس نے یہ چیزیں اُن سے واپس لے کر قربان گاہ پر جلا دیں جس پر پہلے بھسم ہونے والی قربانی رکھی گئی تھی۔ رب کے لئے جلنے والی یہ قربانی اماموں کو مخصوص کرنے کے لئے چڑھائی گئی، اور اُس کی خوشبو رب کو پسند تھی۔
29موسیٰ نے سینہ بھی لیا اور اُسے ہلانے والی قربانی کے طور پر رب کے سامنے ہلایا۔ یہ مخصوصیت کے مینڈھے میں سے موسیٰ کا حصہ تھا۔ موسیٰ نے اِس میں بھی سب کچھ رب کے حکم کے عین مطابق کیا۔
30پھر اُس نے مسح کے تیل اور قربان گاہ پر کے خون میں سے کچھ لے کر ہارون، اُس کے بیٹوں اور اُن کے کپڑوں پر چھڑک دیا۔ یوں اُس نے اُنہیں اور اُن کے کپڑوں کو مخصوص و مُقدّس کیا۔
31موسیٰ نے اُن سے کہا، ”گوشت کو ملاقات کے خیمے کے دروازے پر اُبال کر اُسے اُن روٹیوں کے ساتھ کھانا جو مخصوصیت کی قربانیوں کی ٹوکری میں پڑی ہیں۔ کیونکہ رب نے مجھے یہی حکم دیا ہے۔ 32گوشت اور روٹیوں کا بقایا جلا دینا۔ 33سات دن تک ملاقات کے خیمے کے دروازے میں سے نہ نکلنا، کیونکہ مقدِس میں خدمت کے لئے تمہاری مخصوصیت کے اِتنے ہی دن ہیں۔ 34جو کچھ آج ہوا ہے وہ رب کے حکم کے مطابق ہوا تاکہ تمہارا کفارہ دیا جائے۔ 35تمہیں سات رات اور دن تک خیمے کے دروازے کے اندر رہنا ہے۔ رب کی اِس ہدایت کو مانو ورنہ تم مر جاؤ گے، کیونکہ یہ حکم مجھے رب کی طرف سے دیا گیا ہے۔“
36ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اُن تمام ہدایات پر عمل کیا جو رب نے موسیٰ کی معرفت اُنہیں دی تھیں۔