ملاکی 2
1اے امامو، اب میرے فیصلے پر دھیان دو!“ 2رب الافواج فرماتا ہے، ”میری سنو، پورے دل سے میرے نام کا احترام کرو، ورنہ مَیں تم پر لعنت بھیجوں گا، مَیں تمہاری برکتوں کو لعنتوں میں تبدیل کر دوں گا۔ بلکہ مَیں یہ کر بھی چکا ہوں، کیونکہ تم نے پورے دل سے میرے نام کا احترام نہیں کیا۔ 3تمہارے چال چلن کے سبب سے مَیں تمہاری اولاد کو ڈانٹوں گا۔ مَیں تمہاری عید کی قربانیوں کا گوبر تمہارے منہ پر پھینک دوں گا، اور تمہیں اُس کے سمیت باہر پھینکا جائے گا۔“
4رب الافواج فرماتا ہے، ”تب تم جان لو گے کہ مَیں نے تم پر یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ میرا لاوی کے قبیلے کے ساتھ عہد قائم رہے۔ 5کیونکہ مَیں نے عہد باندھ کر لاویوں سے زندگی اور سلامتی کا وعدہ کیا تھا، اور مَیں نے وعدے کو پورا بھی کیا۔ اُس وقت لاوی میرا خوف مانتے بلکہ میرے نام سے دہشت کھاتے تھے۔ 6وہ قابلِ اعتماد تعلیم دیتے تھے، اور اُن کی زبان پر جھوٹ نہیں ہوتا تھا۔ وہ سلامتی سے اور سیدھی راہ پر میرے ساتھ چلتے تھے، اور بہت سے لوگ اُن کے باعث گناہ سے دُور ہو گئے۔
7اماموں کا فرض ہے کہ وہ صحیح تعلیم محفوظ رکھیں، اور لوگوں کو اُن سے ہدایت حاصل کرنی چاہئے۔ کیونکہ امام رب الافواج کا پیغمبر ہے۔ 8لیکن تم صحیح راہ سے ہٹ گئے ہو۔ تمہاری تعلیم بہتوں کے لئے ٹھوکر کا باعث بن گئی ہے۔“ رب الافواج فرماتا ہے، ”تم نے لاویوں کے ساتھ میرے عہد کو خاک میں ملا دیا ہے۔ 9اِس لئے مَیں نے تمہیں تمام قوم کے سامنے ذلیل کر دیا ہے، سب تمہیں حقیر جانتے ہیں۔ کیونکہ تم میری راہوں پر نہیں رہتے بلکہ تعلیم دیتے وقت جانب داری دکھاتے ہو۔“
ناجائز شادیاں اور طلاق پر ملامت
10کیا ہم سب کا ایک ہی باپ نہیں؟ ایک ہی خدا نے ہمیں خلق کیا ہے۔ تو پھر ہم ایک دوسرے سے بےوفائی کر کے اپنے باپ دادا کے عہد کی بےحرمتی کیوں کر رہے ہیں؟
11یہوداہ بےوفا ہو گیا ہے۔ اسرائیل اور یروشلم میں مکروہ حرکتیں سرزد ہوئی ہیں، کیونکہ یہوداہ کے آدمیوں نے رب کے گھر کی بےحرمتی کی ہے، اُس مقدِس کی جو رب کو پیارا ہے۔ کس طرح؟ اُنہوں نے دیگر اقوام کی بُت پرست عورتوں سے شادی کی ہے [a] لفظی ترجمہ: یہوداہ نے اجنبی معبودوں کی بیٹیوں سے شادی کی ہے۔ ۔ 12لیکن جس نے بھی ایسا کیا ہے اُسے رب جڑ سے یعقوب کے خیموں سے نکال پھینکے گا، خواہ وہ رب الافواج کو کتنی قربانیاں پیش کیوں نہ کرے۔
13تم سے ایک اَور خطا بھی سرزد ہوتی ہے۔ بےشک رب کی قربان گاہ کو اپنے آنسوؤں سے تر کرو، بےشک روتے اور کراہتے رہو کہ رب نہ ہماری قربانیوں پر توجہ دیتا، نہ اُنہیں خوشی سے ہمارے ہاتھ سے قبول کرتا ہے۔ لیکن یہ کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ 14تم پوچھتے ہو، ”کیوں؟“ اِس لئے کہ شادی کرتے وقت رب خود گواہ ہوتا ہے۔ اور اب تُو اپنی بیوی سے بےوفا ہو گیا ہے، گو وہ تیری جیون ساتھی ہے جس سے تُو نے شادی کا عہد باندھا تھا۔ 15کیا رب نے شوہر اور بیوی کو ایک نہیں بنایا، ایک جسم جس میں روح ہے؟ اور یہ ایک جسم کیا چاہتا ہے؟ اللہ کی طرف سے اولاد۔ چنانچہ اپنی روح میں خبردار رہو! اپنی بیوی سے بےوفا نہ ہو جا! 16کیونکہ رب الافواج جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے، ”مَیں طلاق سے نفرت کرتا ہوں اور اُس سے متنفر ہوں جو ظلم سے ملبّس ہوتا ہے۔ چنانچہ اپنی روح میں خبردار رہ کر اِس طرح کا بےوفا رویہ اختیار نہ کرو!“
رب لوگوں کی عدالت کرے گا
17تمہاری باتوں کو سن سن کر رب تھک گیا ہے۔ تم پوچھتے ہو، ”ہم نے اُسے کس طرح تھکا دیا ہے؟“ اِس میں کہ تم دعویٰ کرتے ہو، ”بدی کرنے والا رب کی نظر میں ٹھیک ہے، وہ ایسے لوگوں کو پسند کرتا ہے۔“ تم یہ بھی کہتے ہو، ”اللہ کہاں ہے؟ وہ انصاف کیوں نہیں کرتا؟“