گِنتی 7
مقدِس کی مخصوصیت کے ہدیئے
1جس دن مقدِس مکمل ہوا اُسی دن موسیٰ نے اُسے مخصوص و مُقدّس کیا۔ اِس کے لئے اُس نے خیمے، اُس کے تمام سامان، قربان گاہ اور اُس کے تمام سامان پر تیل چھڑکا۔ 2-3 پھر قبیلوں کے بارہ سردار مقدِس کے لئے ہدیئے لے کر آئے۔ یہ وہی راہنما تھے جنہوں نے مردم شماری کے وقت موسیٰ کی مدد کی تھی۔ اُنہوں نے چھت والی چھ بَیل گاڑیاں اور بارہ بَیل خیمے کے سامنے رب کو پیش کئے، دو دو سرداروں کی طرف سے ایک بَیل گاڑی اور ہر ایک سردار کی طرف سے ایک بَیل۔
4رب نے موسیٰ سے کہا، 5”یہ تحفے قبول کر کے ملاقات کے خیمے کے کام کے لئے استعمال کر۔ اُنہیں لاویوں میں اُن کی خدمت کی ضرورت کے مطابق تقسیم کرنا۔“ 6چنانچہ موسیٰ نے بَیل گاڑیاں اور بَیل لاویوں کو دے دیئے۔ 7اُس نے دو بَیل گاڑیاں چار بَیلوں سمیت جَیرسونیوں کو 8اور چار بَیل گاڑیاں آٹھ بَیلوں سمیت مِراریوں کو دیں۔ مِراری ہارون امام کے بیٹے اِتمر کے تحت خدمت کرتے تھے۔ 9لیکن موسیٰ نے قِہاتیوں کو نہ بَیل گاڑیاں اور نہ بَیل دیئے۔ وجہ یہ تھی کہ جو مُقدّس چیزیں اُن کے سپرد تھیں وہ اُن کو کندھوں پر اُٹھا کر لے جانی تھیں۔
10بارہ سردار قربان گاہ کی مخصوصیت کے موقع پر بھی ہدیئے لے آئے۔ اُنہوں نے اپنے ہدیئے قربان گاہ کے سامنے پیش کئے۔ 11رب نے موسیٰ سے کہا، ”سردار بارہ دن کے دوران باری باری اپنے ہدیئے پیش کریں۔“ 12پہلے دن یہوداہ کے سردار نحسون بن عمی نداب کی باری تھی۔ اُس کے ہدیئے یہ تھے: 13چاندی کا تھال جس کا وزن ڈیڑھ کلو گرام تھا اور چھڑکاؤ کا چاندی کا کٹوراجس کا وزن 800 گرام تھا۔ دونوں غلہ کی نذر کے لئے تیل کے ساتھ ملائے گئے بہترین میدے سے بھرے ہوئے تھے۔ 14اِن کے علاوہ نحسون نے یہ چیزیں پیش کیں: سونے کا پیالہ جس کا وزن 110 گرام تھا اور جو بخور سے بھرا ہوا تھا، 15ایک جوان بَیل، ایک مینڈھا، بھسم ہونے والی قربانی کے لئے بھیڑ کا ایک یک سالہ بچہ، 16گناہ کی قربانی کے لئے ایک بکرا 17اور سلامتی کی قربانی کے لئے دو بَیل، پانچ مینڈھے، پانچ بکرے اور بھیڑ کے پانچ یک سالہ بچے۔
18-23 اگلے گیارہ دن باقی سردار بھی یہی ہدیئے مقدِس کے پاس لے آئے۔ دوسرے دن اِشکار کے سردار نتنی ایل بن ضُغر کی باری تھی، 24-29 تیسرے دن زبولون کے سردار اِلیاب بن حیلون کی، 30-47 چوتھے دن روبن کے سردار اِلی صور بن شدیور کی، پانچویں دن شمعون کے سردار سلومی ایل بن صوری شدی کی، چھٹے دن جد کے سردار اِلیاسف بن دعوایل کی، 48-53 ساتویں دن افرائیم کے سردار اِلی سمع بن عمی ہود کی، 54-71 آٹھویں دن منسّی کے سردار جملی ایل بن فدا ہصور کی، نویں دن بن یمین کے سردار ابدان بن جدعونی کی، دسویں دن دان کے سردار اخی عزر بن عمی شدی کی، 72-83 گیارھویں دن آشر کے سردار فجعی ایل بن عکران کی اور بارھویں دن نفتالی کے سردار اخیرع بن عینان کی باری تھی۔
84اسرائیل کے اِن سرداروں نے مل کر قربان گاہ کی مخصوصیت کے لئے چاندی کے 12 تھال، چھڑکاؤ کے چاندی کے 12 کٹورے اور سونے کے 12 پیالے پیش کئے۔ 85ہر تھال کا وزن ڈیڑھ کلو گرام اور چھڑکاؤ کے ہر کٹورے کا وزن 800 گرام تھا۔ اِن چیزوں کا کُل وزن تقریباً 28 کلو گرام تھا۔ 86بخور سے بھرے ہوئے سونے کے پیالوں کا کُل وزن تقریباً ڈیڑھ کلو گرام تھا (فی پیالہ 110 گرام)۔ 87سرداروں نے مل کر بھسم ہونے والی قربانی کے لئے 12 جوان بَیل، 12 مینڈھے، بھیڑ کے 12 یک سالہ بچے اُن کی غلہ کی نذروں سمیت پیش کئے۔ گناہ کی قربانی کے لئے اُنہوں نے 12 بکرے پیش کئے 88اور سلامتی کی قربانی کے لئے 24 بَیل، 60 مینڈھے، 60 بکرے اور بھیڑ کے 60 یک سالہ بچے۔ اِن تمام جانوروں کو قربان گاہ کی مخصوصیت کے موقع پر چڑھایا گیا۔
89جب موسیٰ ملاقات کے خیمے میں رب کے ساتھ بات کرنے کے لئے داخل ہوتا تھا تو وہ رب کی آواز عہد کے صندوق کے ڈھکنے پر سے یعنی دو کروبی فرشتوں کے درمیان سے سنتا تھا۔