زکریاہ 10
رب ہی مدد کر سکتا ہے
1بہار کے موسم میں رب سے بارش مانگو۔ کیونکہ وہی گھنے بادل بناتا ہے، وہی بارش برسا کر ہر ایک کو کھیت کی ہریالی مہیا کرتا ہے۔ 2تمہارے گھروں کے بُت فریب دیتے، تمہارے غیب دان جھوٹی رویا دیکھتے اور فریب دہ خواب سناتے ہیں۔ اُن کی تسلی عبث ہے۔ اِسی لئے قوم کو بھیڑبکریوں کی طرح یہاں سے چلا جانا پڑا۔ گلہ بان نہیں ہے، اِس لئے وہ مصیبت میں اُلجھے رہتے ہیں۔
رب اپنی قوم کو واپس لائے گا
3رب فرماتا ہے، ”میری قوم کے گلہ بانوں پر میرا غضب بھڑک اُٹھا ہے، اور جو بکرے اُس کی راہنمائی کر رہے ہیں اُنہیں مَیں سزا دوں گا۔ کیونکہ رب الافواج اپنے ریوڑ یہوداہ کے گھرانے کی دیکھ بھال کرے گا، اُسے جنگی گھوڑے جیسا شاندار بنا دے گا۔ 4یہوداہ سے کونے کا بنیادی پتھر، میخ، جنگ کی کمان اور تمام حکمران نکل آئیں گے۔ 5سب سورمے کی مانند ہوں گے جو لڑتے وقت دشمن کو گلی کے کچرے میں کچل دیں گے۔ رب الافواج اُن کے ساتھ ہو گا، اِس لئے وہ لڑ کر غالب آئیں گے۔ مخالف گھڑسواروں کی بڑی رُسوائی ہو گی۔
6مَیں یہوداہ کے گھرانے کو تقویت دوں گا، یوسف کے گھرانے کو چھٹکارا دوں گا، ہاں اُن پر رحم کر کے اُنہیں دوبارہ وطن میں بسا دوں گا۔ تب اُن کی حالت سے پتا نہیں چلے گا کہ مَیں نے کبھی اُنہیں رد کیا تھا۔ کیونکہ مَیں رب اُن کا خدا ہوں، مَیں ہی اُن کی سنوں گا۔ 7افرائیم کے افراد سورمے سے بن جائیں گے، وہ یوں خوش ہو جائیں گے جس طرح دل مَے پینے سے خوش ہو جاتا ہے۔ اُن کے بچے یہ دیکھ کر باغ باغ ہو جائیں گے، اُن کے دل رب کی خوشی منائیں گے۔
8مَیں سیٹی بجا کر اُنہیں جمع کروں گا، کیونکہ مَیں نے فدیہ دے کر اُنہیں آزاد کر دیا ہے۔ تب وہ پہلے کی طرح بےشمار ہو جائیں گے۔ 9مَیں اُنہیں بیج کی طرح مختلف قوموں میں بو کر منتشر کر دوں گا، لیکن دُوردراز علاقوں میں وہ مجھے یاد کریں گے۔ اور ایک دن وہ اپنی اولاد سمیت بچ کر واپس آئیں گے۔ 10مَیں اُنہیں مصر سے واپس لاؤں گا، اسور سے اکٹھا کروں گا۔ مَیں اُنہیں جِلعاد اور لبنان میں لاؤں گا، توبھی اُن کے لئے جگہ کافی نہیں ہو گی۔ 11جب وہ مصیبت کے سمندر میں سے گزریں گے تو رب موجوں کو یوں مارے گا کہ سب کچھ پانی کی گہرائیوں تک خشک ہو جائے گا۔ اسور کا فخر خاک میں مل جائے گا، اور مصر کا شاہی عصا دُور ہو جائے گا۔ 12مَیں اپنی قوم کو رب میں تقویت دوں گا، اور وہ اُس کا ہی نام لے کر زندگی گزاریں گے۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔